22سالہ تلاش رنگ لے آئی ، دنیا کا نایاب ترین جانور مل گیا

دنیا اخبار
ٹیڈی بیئر کی صورت والے اس نسل کے صرف دو ہزار جانور دنیا میں موجود ہیں
تیان شان(آن لائن) چین میں نرم بالوں سے بھرپور یہ خوبصورت جانور پہلی مرتبہ 1983 میں دیکھا گیا تھا اور اب بڑی کوشش کے بعد اس کی ایک اور تصویر لی گئی ہے ۔ سب سے پہلے یہ جانور چین میں تیان شان کی پہاڑیوں پر دیکھا گیا ۔خرگوش کی نسل سے تعلق رکھنے والا یہ جانور پہاڑیوں پر رہنا پسند کرتا ہے جس کا نام ایلی پیکا ہے ۔اس سے قبل 2002 اور 2003 میں ایک چینی اور ایک امریکی ماہر 37 روز تک بارہ مختلف علاقوں میں ایلی پیکا کو تلاش کرتے رہے لیکن اس کا کوئی سراغ نہیں ملا۔ پھر گزشتہ موسمِ سرما میں وائیڈونگ لی، جس نے اس جانور کو 1983 میں دیکھا تھا ،نے دوبارہ اسی جگہ کا دورہ کیا اور خوش قسمتی سے انہوں نے ایلی پیکا کو ڈھونڈ نکالا اور اس کی تصویر بھی بنالی۔ اب تک اس نوع کے صرف دو ہزارجانور ہی دنیا میں موجود ہیں۔یہ جانور 9200سے 13450فٹ بلندی پررہنا پسند کرتا ہے ۔ یہ اپنے مسکن، ماحول اور فضا کے معاملے میں بہت حساس ہوتا ہے ،یہ پہاڑی گھاس اور جڑی بوٹیاں کھاتا ہے ۔ جوں جوں موسم کی شدت میں اضافہ ہورہا ہے ایلی پیکا مزید اونچے پہاڑوں کا رخ کر رہے ہیں۔